عمران خان کی دہشتگردی کے دو مقدمات،نیب نوٹسز حفاظتی ضمانت منظور

لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف اسلام آباد میں درج دہشت گردی کے دو مقدمات اور نیب کی جانب سے دو طلبی نوٹسز میں حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
عمران خان ایک بار پھر آج قافلے کی صورت میں سخت سکیورٹی حصار میں لاہور ہائیکورٹ پہنچے۔عدالت نے عمران خان کے اسکین دستخط کا معاملہ اٹھاتے ہوئے وکیل کو کمرہ عدالت میں عمران خان کے دستخط کرانے کی ہدایت کی۔ دستخط کے بعد دو رکنی بینچ نے عمران خان کی تھانہ گولڑہ اور سی ٹی ڈی کے 2 مقدمات میں پیر تک حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
جسٹس علی باقر نجفی کی عدالت میں پیشی اس کے بعد عمران خان توشہ خانہ سے متعلق قومی احتساب بیورو (نیب) کے طلبی نوٹسز میں حفاظتی ضمانت کیلئے جسٹس علی باقر نجفی کی عدالت میں پیش ہوئے جہاں جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس شہباز رضوی نے حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
عمران خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جتنی تیزی سے ضمانت لیتے ہیں اتنی تیزی سے نئے کیسز آ جاتے ہیں، نیب کے سوال نامے پر تفصیلی جواب تیار ہے۔ اس موقع پر دو رکنی بینچ نے منگل تک حفاظتی ضمانت منظور کی تو وکلا نے مدت بڑھانے کی استدعا کی۔
