9مئی واقعات کی منصوبہ بندی عمران خان نےکی،طلال چودھری

وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کاکہناہےکہ9مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی عمران خان کی قیادت میں کی گئی۔

طلال چودھری کا ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ اداروں کے اندر سے سہولتکاری ختم ہوتے ہی انصاف سب کو واضح نظر آئے گا۔

وزیر مملکت طلال چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی آج پھر شور مچا رہی ہے کہ 9 مئی کے کیسز میں ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ظلم پی ٹی آئی نے کیا اور بعد میں اسے انقلاب اور کامیاب بغاوت قرار دے کر اپنی فتح کے طور پر پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سیاسی جماعت نے انتشار کی راہ اختیار کی، اور یہ ناقابلِ تردید حقیقت ہے کہ 9 مئی کے واقعات پی ٹی آئی اور اس کے بانی عمران خان کی قیادت میں منصوبہ بندی کے تحت ہوئے۔ احتجاج میں شرکت کرنے والوں کو ٹکٹ اور پارٹی میں انعام دینے کا اعلان کیا گیا، ساتھ ہی مخصوص اہداف دیے گئے۔

وفاقی وزیر مملکت کے مطابق 9 مئی کو دفاعی تنصیبات سمیت متعدد مقامات پر بیک وقت حملے کیے گئے، منصوبہ بندی کے تحت جگہوں کی نشاندہی، پیغامات اور تقاریر تک طے کی گئیں۔ ان واقعات میں نہ صرف جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ ہوئی بلکہ شہداء کے مجسموں کی بے حرمتی بھی کی گئی، جو دشمن بھی جنگ کے دوران نہیں کرتا۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے 9 مئی کے کیسز میں سہولتکاری اور نظام کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، پیشیوں سے گریز کیا، یا اسٹے لے کر کارروائی کو لٹکایا۔ ان کے بقول پی ٹی آئی نے قانون کا مذاق اڑایا اور تاثر دیا کہ وہ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتی ہے۔

Back to top button