عمران خان اقتدارکیلئےامریکہ کواستعمال کرناچاہتے ہیں،خواجہ آصف
وزیردفاع خواجہ آصف کاکہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اقتدارکیلئےامریکی کندھوں کواستعمال کرنا چاہتے ہیں۔
لندن میں نیوز کانفرنس کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ فوجی عدالتوں نے جن 25 افراد کو سزائیں سنائیں ان کی ویڈیوز موجود ہیں۔9 مئی کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا معاملہ عدلیہ کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ عدلیہ کےلیے باعث شرم ہے، 2018 میں پی ٹی آئی کو آر ٹی ایس بٹھا کر اقتدار میں لایا گیا۔اس وقت جنرل باجوہ مائنس نوازشریف پروجیکٹ پر کام کر رہے تھے۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جب اقتدار سے محروم ہوئے تو امریکا ایبسلوٹلی ناٹ ہوگیا، اب وہ امریکا کے کندھوں پر سوار ہو کر اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی۔
وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی میں نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ اسحٰق ڈار، سیاسی امور کے مشیر رانا ثنا اللہ اورسینیٹرعرفان صدیقی شامل ہیں جب کہ پیپلزپارٹی سے راجا پرویز اشرف، نویدقمر بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
اس کے علاوہ حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی، استحکام پاکستان پارٹی سے علیم خان، مسلم لیگ (ق) سے چوہدری سالک اور بلوچستان عوامی پارٹی سے سردارخالد مگسی شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔انہوں نےمذاکرات سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کی کاوش کو بھی سراہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے مذاکرات کیلئےاپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی۔
سپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم سےحکومتی مذاکراتی ٹیم تشکیل دینے کی درخواست کی تھی۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ سیاسی عدم استحکام ختم ہونا چاہیے، مسائل کا حل مذاکرات میں ہی ہے، حکومت معاملات کو حل کرنا چاہتی ہے اور یہ کہ سیاسی عدم استحکام ختم ہونا چاہیے۔