عمران خان نے جیل میں میچ دیکھا،ساراغصہ کرکٹ پراتارا،علیمہ خان

بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے جیل میں پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھا، ہارنے کی وجہ سے سارا غصہ کرکٹ پر اتارا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آج سب سے زیادہ غصہ کرکٹ پر تھا۔اور انہوں نے میچ ہارنے پر بڑے دکھ کا اظہار کیا۔عمران خان نے کہا کہ میرے متعلق صرف پارٹی کے عہدیدار بات کریں۔
عمران خان کی صحت کے حوالے سے ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا تھاکہ لوگوں کی توجہ ہٹانے کیلئےخبر نکالی گئی کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان بے ہوش کر گر پڑے، بانی پی ٹی آئی عمران خان اس بات پر ہنسے ہیں، ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے، قاسم خان سوری ملک سے باہر ہے ان کو کیا پتا۔
واضح رہے کہ میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کرکٹ کی صورتحال پر افسردہ تھے۔کرکٹ کے ساتھ پاکستان کے عوام کی وابستگی ہے، پچھلے چند سالوں میں کرکٹ کو مذاق بنا دیا گیا۔
خیال رہے کہ 23 فروری کو چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی اور یہ ایونٹ میں قومی ٹیم کی مسلسل دوسری شکست تھی اور اب پاکستان ایونٹ سے باہر ہوچکا ہے۔
