عمران خان کسی سے کوئی معافی نہیں مانگیں گے : سلمان اکرم راجا

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے عمران خان کی جانب سے کسی بھی قسم کی معافی کو خارج از امکان قرار دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا کا کہنا تھاکہ عمران خان کے معافی مانگنے پر سوال ہی نہیں بنتا،یہ ناممکن ہے، عمران خان کوئی معافی نہیں مانگیں گے،کوئی سمجھتا ہے عمران خان معافی مانگیں گے تو اس کا کوئی امکان نہیں ہے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کا معاملہ باہمی رضا مندی سے آج طے ہوگیا، طے پایا ہےکہ عمران خان کے جو حقوق ہیں ان کو دیےجائیں گے،شرط یہ لگی ہے ملاقات کرنےوالے جیل سے باہر آکر گفتگو نہیں کریں گے۔
مرکزی رہنما پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا کاکہنا تھا کہ کہا گیا کہ باہر آکر سیاسی گفتگو نہیں کریں گے تو ہم نے کہا ٹھیک ہے،انہوں نےکہا گفتگو سے امن و امان کی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے،گفتگو پر قدغن تو کسی انسان پر نہیں لگ سکتی، ارکان پارلیمنٹ ہیں جہاں انہوں نے اپنا نکتہ نظر پیش کرنا ہوگا وہ کردیں گے، گفتگو کرنے پر پابندی صرف رفقا کےحوالے سے لگی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں سے گفتگو اچھی چل رہی ہے، سب کے ساتھ مشاورت سے چلیں گے،جے یو آئی اور سندھ کی جماعتوں سمیت ہر جگہ ہم آگے بڑھ رہےہیں۔
مصطفیٰ عامر قتل کیس تفتیشی ٹیم نےخراب کیا، محکمہ پراسیکیوشن کا آئی جی سندھ کو خط3
رہنما پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا کا کہنا تھاکہ 23مارچ خوشی کا دن تھا،گھروں پر چھاپے مارے گئے،23 مارچ کو لاہور میں تو کیک تک نہیں کاٹنے دیا گیا،میں تقریب میں موجود تھا وہاں پولیس آئی،ساؤنڈ سسٹم بند کردیا،یہ صرف آئین کی پامالی نہیں بلکہ شرافت کی بھی پامالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور ن لیگ اس وقت مستفید ہورہی ہیں، مستفید جماعتوں کو اپنے رویے پر نظر ثانی کرنا ہوگی پھر بات ہوگی جس کا امکان نہیں ہے۔
