عمران خان کی 8مقدمات میں درخواست ضمانتیں سماعت کیلئےمقرر

لاہور ہائی کورٹ سابق وزیراعظم عمران خان کی جناح ہاؤس حملہ سمیت 9 مئی سے متعلق 8 مقدمات میں ضمانتوں کی درخواستیں سماعت کیلئےمقرر ہو گئیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مس عالیہ نیلم کی سربراہی میں2 رکنی بینچ کل سماعت کرے گا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نےجناح ہاؤس حملہ سمیت کیس دیگر مقدمات میں درخواست ضمانت دائر کی ہے،درخواست میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کامؤقف تھا کہ 9 مئی والے دن اسلام آباد میں نیب کی تحویل میں تھا، سیاسی انتقام کے لیے سازش کا الزام کا لگا مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نےدرخواست میں مؤقف اپنایا کہ 2 سال سے مقدمات کا سامنا کر رہا ہوں، انتقامی کارروائی کی جارہی ہیں، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ 8 مقدمات میں ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے۔

واضح رہے کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی8 درخواستیں مسترد کردی تھیں،جن پر لاہور میں9 مئی کے کل 12 مقدمات درج ہیں جبکہ بانی پی ٹی آئی کی 4 مقدمات میں ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں۔

واضح رہے کہ 27 نومبر 2024 کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی  پی ٹی آئی عمران خان کی جناح ہاؤس سمیت 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔

21دسمبر کو جناح ہاؤس سمیت سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرمان کو فوجی عدالتوں سے 10 سال قید بامشقت تک کی سزائیں سنادی گئیں تھیں۔

بعد ازاں، 26 دسمبر کو 9 مئی 2023 میں ملوث عمران خان کے بھانجے حسان نیازی سمیت مزید 60 مجرمان کو 10 سال تک قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

Back to top button