عمران خان کو ان کے بچے اور بہنیں رہائی نہیں دلواسکتے ، عرفان صدیقی

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کے بچے قانون کی حدود میں رہ کر سیاسی سرگرمیاں کریں تو کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف اپنے بچوں کو سیاست میں متحرک کرنا چاہتے ہیں، اگر وہ پاکستان آئیں اور تحریک چلانا چاہتے ہیں تو شوق سے چلائیں، مگر یہ سب کچھ آئینی اور قانونی دائرہ کار میں ہونا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کی رہائی ان کے بچوں یا بہنوں کے زور پر ممکن نہیں، بلکہ یہ معاملہ ان کی اپنی قانونی پوزیشن پر منحصر ہے۔
عمران خان کے بیٹے احتجاج کےلیے نہیں والد سے اظہار یکجہتی کےلیے آرہے ہیں : نعیم پنجوتھا
ایک سوال کے جواب میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حکومت کی تبدیلی کی کوئی بات نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری ایک بردبار اور تجربہ کار رہنما ہیں، وہ بطور ریاستی سربراہ اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی ہماری اتحادی ہے، ہم کیوں موجودہ نظام کو غیر مستحکم کرنا چاہیں گے؟
چینی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سوال پر لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت نے قیمتوں پر قابو پانے کے لیے بیرون ملک سے چینی درآمد کی ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
