عمران خان کی بینائی میں بہتری،میڈیکل رپورٹ آگئی

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دائیں آنکھ کی بینائی بہتر ہو کر 6/9 پارشل ہوگئی،آنکھوں کےمعائنہ سے متعلق میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق عمران خان کے صحت کا معائنہ کرنے کے لیے 2 رکنی میڈیکل بورڈ نے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان  کا معائنہ 15 فروری 2026 کو کیا گیا، پروفیسرز پر مشتمل ماہر امراضِ چشم کے میڈیکل بورڈ نے مائنہ کیا، میڈیکل بورڈ میں الشفاء ٹرسٹ آئی اسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی  اورپمز اسلام آباد کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف خان  شامل تھے۔

ڈاکٹرز کی پورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی دائیں آنکھ کی بینائی عینک کے بغیر 6/24 پارشل ریکارڈ ہوئی جبکہ بائیں آنکھ کی بینائی 6/9 ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق عینک کے ساتھ دائیں آنکھ کی بینائی بہتر ہو کر 6/9 پارشل ہوگئی جبکہ بائیں آنکھ کی بینائی مکمل طور پر 6/6 ہوگئی۔

میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا کہ دائیں آنکھ کے معائنے میں پردہ بصارت پر سوزش کے آثار پائے گئے ہیں، دائیں آنکھ کی سوجن میں کمی آئی ہے، دائیں آنکھ کی موٹائی 550 سے کم ہو کر 350 ہوگئی جو بہتری کی علامت ہے۔

رپورٹ کے مطابق میڈیکل بورڈ نے دونوں آنکھوں کے لیے نیواناک اور سسٹین الٹرا ڈراپس تجویز کیے جبکہ صرف دائیں آنکھ کےلیے کوسوپٹ آئی ڈراپس تجویز کیے گئے۔

میڈیکل رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی بینائی 6/36 سے بہتر ہو کر 6/9 پارشل ہو گئی جو اس مرحلے پر کافی اچھی بینائی ہے ، ماہرین نے اینٹی وی ای جی ایف علاج کی تکمیل کے بعد او سی ٹی اینجیو گرافی اور ایف ایف اے ٹیسٹ کروانے کا مشورہ دیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل بورڈ کے چیک اپ کے بعد اپوزیشن کے 2 رہنما علامہ ناصر عباس اور بیرسٹر گوہر خان نے رات 9 بجے پمز ہسپتال کا دورہ کیا، ڈاکٹرعاصم اور خرم مرزا کو بھی دونوں رہنماؤں کی موجودگی میں بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق بریف کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے ذاتی معالجین اور رہنماؤں نے طبی سہولیات اور علاج پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 

Back to top button