عمران خان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج ہونے کا امکان

وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کی تائید کی ہے۔عمران خان کے خلاف غداری کے مقدمے کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔

رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ  ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں بڑا دو ٹوک پیغام دیا ہے۔اس کومذاق سمجھیں گے تو نقصان اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان  کی اپنی بہن سے ملاقات کے بعد جو ٹوئٹ آیا اور جو الفاظ استعمال ہوئے اس کے بعد فیصلہ ہوگیا، عمران خان کے خلاف غداری کے مقدمے کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ جلسے میں جو باتیں کی گئیں ان کو پیغام مل جائے گا اور بڑی قوت سے ملے گا، یہ لوگ اس قسم کی حرکتیں کرکے اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں، ان کا انجام ایم کیو ایم اور بانی ایم کیو ایم سے مختلف نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عنقریب پاکستان تحریک انصاف اور اڈیالہ تحریک انصاف ہونے والا معاملہ نظر آرہا ہے، پی ٹی آئی کی اکثریت اس پاگل پن کا حصہ نہیں بنے گی۔

Back to top button