عمران خان کی ہسپتال منتقلی: اپوزیشن اتحاد کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری

بانی تحریکِ انصاف، عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر اپوزیشن اتحاد کا احتجاج تیسرے دن بھی جاری ہے۔

اپوزیشن رہنماؤں کی قیادت میں پارلیمنٹ ہاؤس، پارلیمنٹ لاجز اور کے پی ہاؤس میں دھرنے جاری ہیں، جبکہ دارالحکومت کی مرکزی شاہراہ دستور بھی مکمل طور پر بند ہے۔

تحریکِ تحفظ آئین پاکستان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی الشفا آئی ہسپتال منتقلی تک دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ ذاتی ڈاکٹروں کی غیر موجودگی میں بانی کا کوئی علاج شروع نہ کیا جائے۔

دوسری جانب حکومت کا میڈیکل پینل، جسے بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے، ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اڈیالا جیل پہنچنے میں کامیاب نہیں ہوا۔ میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا کہ بانی کو اسپتال منتقل کیا جائے۔

واضح رہے کہ حکومت نے بانی کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل پینل میں ڈاکٹر امجد اور پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی شامل کیے ہیں۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ 16 فروری سے قبل عمران خان کے معائنے کی مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔

Back to top button