عمران خان کی شناخت پاکستان دشمن کی ہے: خواجہ آصف

وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان بھارت سے جنگ کے دوران بھی نامناسب زبان استعمال کرتے رہے، اور ان کی شناخت پاکستان دشمن کی ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے نہایت محتاط زبان استعمال کی، اگر اس طرح کے رویے اپنائے جائیں گے تو جواب میں اسی طرز کی زبان استعمال کی جائے گی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بہن غیر سیاسی ہیں، لیکن انہوں نے بھارتی میڈیا سے جو گفتگو کی، کیا وہ کوئی پاکستانی کر سکتا ہے؟ کیا ان کا اس مٹی سے کوئی رشتہ نہیں؟

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ کے دوران ہمارے بھائی اور دوست ممالک ہمارے ساتھ کھڑے رہے، لیکن ایک سیاسی جماعت نے وہ کردار ادا نہیں کیا۔ بانی پی ٹی آئی ہر معاملے پر بات کرتے ہیں، لیکن اس وقت کیوں خاموش رہے؟ وہ اس وقت بھی غلط زبان استعمال کرتے رہے، اور ان کی شناخت پاکستان دشمن کی ہے۔ ایسے لوگ اپنے آپ کو پاکستانی کیسے کہلوا سکتے ہیں؟

وزیرِ دفاع نے کہا کہ سیاست ضرور کریں، احتجاج بھی کریں، ہم نے بھی ماضی میں فوج پر تنقید کی، لیکن کبھی سرخ لکیر پار نہیں کی۔ اپنے مجاہدین اور شہیدوں کے حق میں آواز اٹھائیں، طالبان کی حمایت نہ کریں، دہشتگردوں کے ساتھ نرمی اور محبت کی باتیں نہ کریں، اور نہ ہی بھتہ ادا کریں۔

Back to top button