عمران خان کی زندگی خطرے میں ہے : علیمہ خان

علیمہ خان کا کہنا ہےکہ عمران خان کی زندگی خطرے میں ہے، جیل سپرنٹنڈنٹ جھوٹے ہیں،میرا بھائی جھوٹ نہیں بولتا،مریم نواز نے عمران خان پر ظلم کرانے کےلیے اس سپرنٹنڈنٹ کو بھیجا ہے۔

عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بھائی اور بھانجے کو ناجائز قید میں رکھا گیا ہے، ہمارا فوکس بےگناہ قیدیوں کی رہائی ہے۔


علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی کےلیے سخت پیغام  بھیجا ہے کہ ذاتی لڑائیاں ختم کریں اور تحریک چلائیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان مشکل حالت میں ہے، پارٹی اس پر بات کرے، انہیں توڑنے کےلیے بشریٰ بی بی کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں،

علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ مذاکرات قوم کے مفاد کےلیے کروں گا، اپنے لیے ڈیل نہیں کروں گا۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ عمران خان کی زندگی خطرے میں ہے، ہم سپریم کورٹ میں جائیں گے،  اخبارات اور ٹی وی بند کر کے ان کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ جھوٹے ہیں،میرا بھائی جھوٹ نہیں بولتا،مریم نواز نے عمران خان پر ظلم کرانے کےلیے اس سپرنٹنڈنٹ کو بھیجا ہے۔

Back to top button