عمران خان کا بھارت کی تعریف کرنا بھونڈا ترین بیان قرار
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیر اعظم عمران خان کے بھارتی خارجہ پالیسی کی تعریف پر مبنی بیان کو اب تک کا سب سے بھونڈا ترین بیان قرار دے دیا ہے. عوامی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں مسلم لیگ ن کے سربراہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان کا بھارت کی نام نہاد آزاد خارجہ پالیسی کی تعریف کرنا اب تک کا بھونڈا ترین بیان ہے.
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے خاص طور پر مودی کے دور میں پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگایا گیا ہے. ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے سی پیک منصوبے کی مخالفت کی اور عالمی سطح پر ہمارے مفادات کو نقصان پہنچایا ہے، جبکہ کشمیریوں سے ان کی ریاستی حیثیت بھی چھین لی گئی ہے.
فضل الرحمان MQM رہنماؤں سے ملاقات کیلئے کراچی پہنچ گئے
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کے بھارت کی آزاد خارجہ پالیسی سے متعلق بیان پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما سعید غنی نے وزیر اعظم عمران خان کو بھارتی وزیر اعظم مودی کا چیف پولنگ ایجنٹ قرار دیا. سعید غنی کا کہنا تھا کہ بھارتی مین عام انتخابات کے دوران عمران خان نے نریندرا مودی کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا. انہوں نے کہا وزیر اعظم نے نریندرا مودی کی سپورٹ میں کہا تھا کہ اگر مودی الیکشن جیت جاتا ہے تو کشمیر کاز کو بڑا فائدہ ہوگا.
انہوں نے کہا کہ اسی طرح عمران خان کل بھارت کی خارجہ پولیسی کی تعریفیں کر رہے تھے، وہ بھارت کی خارجہ پالیسی کو سلام پیش کر رہے تھے. انہوں نے کہا کہ یہی بات تو ہم کئی عرصے سے کر رہے ہیں کہ آپ کی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان دنیا بھر میں تنہا ہو گیا ہے. واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز مالاکنڈ میں جلسہ عام سے خطاب میں کہا تھا کہ بھارت نے اپنی خارجہ پالیسی ہمیشہ آزاد رکھی، امریکی پریشر کے باوجود بھارت روس سے تیل امپورٹ کر رہا ہے.