عمران خان کا بیٹوں کو پاکستان نہ بلانا سیاسی ڈرامہ ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بانی تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے اپنے بیٹوں کو پاکستان نہ آنے کی ہدایت کو محض ایک "سیاسی ڈرامہ” قرار دیا ہے۔
گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے قاسم اور سلیمان پاکستان نہیں آئیں گے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ان کے بچے کسی احتجاجی تحریک میں شرکت کریں گے اور نہ ہی اس کی قیادت کا حصہ بنیں گے۔
خواجہ آصف نے اس بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ہر قدم سیاسی یا مالی فائدے کے لیے ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ بھی اُن کے کئی ڈراموں میں سے ایک تھا، جس کا مقصد باپ بیٹوں کی ملاقات نہیں بلکہ سیاسی فائدہ حاصل کرنا تھا۔”
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ عمران خان ہمیشہ اپنے کارکنان اور ان کے بچوں کو اقتدار کی خواہش کی بھینٹ چڑھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا، "قربانیاں دوسروں کے بچوں کی، وسائل بھی دوسروں کے، جب کہ فائدہ صرف عمران خان کو ہوتا ہے۔ تاریخ میں شاید ہی کسی نے اتنی بڑی سیاسی نوسربازی کی ہو۔”
