عمران خان کی رہائی کا دارومدار ان کے رویے پر ہے، شرجیل میمن

سندھ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی صحت اور طویل عمری کے لیے دعاگو ہیں، تاہم ان کی رہائی کا دارومدار ان کے رویے پر ہے۔

شرجیل میمن نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے سے متعلق کہا کہ منصوبے کے اسٹیشنز کو دوبارہ ڈیزائن کیا جا رہا ہے اور دو ماہ سے نئی بسیں کسٹم میں رکی ہوئی ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ پنجاب میں بسوں پر ایک فیصد کسٹم ڈیوٹی عائد کی گئی ہے جبکہ سندھ میں 17 فیصد، اس لیے یکساں گنجائش کی بسوں پر یکساں کسٹم ڈیوٹی لاگو ہونی چاہیے۔

کیا عمران کا مزاحمتی بیانیہ مفاہمت کا راستہ ہموار کر پائے گا؟

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان کے دوران بھی ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں اور ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے میں مختلف چیلنجز کی وجہ سے تاخیر ہوئی، تاہم منصوبہ اگلی چالیس پچاس سال کی جنریشن کے لیے اہم ہے۔ اپریل تک 2.7 کلومیٹر سڑک کا کام مکمل ہو جائے گا اور شاہراہ بھٹو سے ایم نائن تک کام شروع ہو جائے گا۔

صوبائی وزیر نے سیاسی اور سوشل میڈیا رویے پر بھی زور دیا کہ اختلاف جمہوریت کا حق ہے لیکن گالم گلوچ اور نامناسب زبان قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن اپنے لیڈر سے محبت کریں، رہائی کی کوشش کریں، لیکن اخلاقیات کا دامن نہ چھوڑیں۔

طاقتور فیصلہ ساز عمران خان کو رہا کرنے کا رسک کیوں نہیں لیتے؟

شرجیل میمن نے کہا کہ گورنر ہاؤس ایک آئینی ادارہ ہے اور اس میں متنازعہ باتیں نہیں ہونی چاہئیں۔ وفاقی حکومت کے فائر وال پراجیکٹ کا مقصد اہم سائٹس کو ہیکنگ سے بچانا ہے، جبکہ زبان اور الفاظ کا استعمال ہر فرد کے ہاتھ میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ایف ڈبلیو او اور کے ایم سی کے ساتھ مل کر سڑکوں کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور مہنگائی کے باوجود منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا، جبکہ بسوں کی کسٹم ڈیوٹی میں یکسانیت کے لیے قانونی اور انتظامی سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Back to top button