عمران خان کے بیٹے کا اڈیالہ جیل میں 10 قیدیوں کی ہلاکت کا دعویٰ، جیل انتظامیہ کی تردید

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے دعویٰ کیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں ہیپاٹائٹس کے باعث 10 قیدی انتقال کر چکے ہیں، اور خدشہ ظاہر کیا کہ ان کے والد بھی اس وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
قاسم خان نے یہ بات ایک حالیہ انٹرویو کے دوران کہی، جس میں انہوں نے جیل کے طبی حالات پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق، جیل میں صحت عامہ کی سہولیات ناکافی ہیں اور یہ صورتحال قیدیوں کی زندگی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔
تاہم اس دعوے کے ردعمل میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم نے قیدیوں میں ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیل میں کسی قیدی کا ہیپاٹائٹس سے انتقال نہیں ہوا۔
بھارت علی امین گنڈاپور کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کررہا ہے : سلمان اکرم راجا
انہوں نے وضاحت کی کہ تمام قیدیوں کے باقاعدگی سے ہیپاٹائٹس بی، سی اور ایچ آئی وی کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں، اور اگر کوئی قیدی وائرل بیماری میں مبتلا پایا جائے تو اسے فوری طور پر دیگر قیدیوں سے الگ تھلگ کر دیا جاتا ہے۔
سپرنٹنڈنٹ کے مطابق، جیل میں قیدیوں کا روزمرہ طبی معائنہ معمول کے مطابق جاری رہتا ہے اور صحت کے حوالے سے انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے۔
یاد رہے کہ عمران خان گزشتہ دو برس سے مختلف مقدمات میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں، جن میں توشہ خانہ، القادر ٹرسٹ اسکینڈل اور 9 مئی کے واقعات سے متعلق کیسز شامل ہیں۔
