عمران خان کے بیٹے احتجاج کےلیے نہیں والد سے اظہار یکجہتی کےلیے آرہے ہیں : نعیم پنجوتھا

پی ٹی آئی رہنما نعیم حیدر پنجوتھا نے واضح کیا ہے کہ احتجاجی تحریک کی قیادت پی ٹی آئی کے عہدے دار کریں گے۔ عمران خان کے دونوں بیٹے قاسم اور سلیمان اپنے والد کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پاکستان آرہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نعیم حیدر پنجوتھا نے کہا کہ عمران خان کی بہنیں بھی تحریک میں شامل ہوں گی لیکن احتجاجی تحریک کی قیادت پی ٹی آئی عہدے دار کریں گے۔
نعیم پنجوتھا نے کہاکہ اس بار احتجاج کا مقام ڈی چوک نہیں ہوگا، اس سلسلے میں تیاریاں جاری ہیں اور جمعہ کی شام کور کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے، عمران خان نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی کےلیے جو جماعتیں آنا چاہتی ہیں ان کو بھی تحریک میں شمولیت کی دعوت دیں ۔
رہنما پی ٹی آئی جنید اکبر کا کہنا تھا کہ خواہش ہے علیمہ خان اپنے بھائی کےلیے تحریک چلائیں،ہم ان کی قیادت میں آگے بڑھیں گے، علیمہ خان پر سب ارکان کا اتفاق ہے۔
جب کہ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک کا کہنا ہے کہ قاسم اور سلیمان سیاست کرنے نہیں بلکہ اپنے والد کی رہائی کے لیے پاکستان آرہے ہیں ۔
بھارت دہشت گردوں کو مالی وسائل فراہم کررہا ہے : ڈی جی آئی ایس پی آر
دوسری جانب وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ عمران خان کے صاحبزادے قاسم اور سلیمان برطانوی شہری ہیں، اگر ان کے صاحبزادوں کا مقصد سیاسی انتشار پھیلانا ہے تو انہیں پاکستان آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے بھی کہا ہے کہ عمران خان کے صاحبزادے قاسم اور سلیمان برطانوی شہری ہیں، وہ یہاں سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتے۔
