عمران خان کے بیٹوں نے پاکستان کا ویزا نہ ملنےکاشکوہ کردیا

عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کے بھائی اپنے والد سے ملاقات کے لیے پاکستان آنا چاہتے ہیں لیکن حکومت جان بوجھ کر ان کے ویزوں پر کارروائی نہیں کر رہی۔
ایکس پر جاری بیان میں قاسم خان نے کہا کہ ان کے والد عمران خان گزشتہ 914 دنوں سے تنہائی میں قید ہیں اور اس دوران ان کی صحت مسلسل خراب ہو رہی ہے اور انہیں آزاد و غیر جانبدار طبی سہولیات تک رسائی بھی نہیں دی جا رہی۔
قاسم خان کے مطابق قیدی کو علاج سے محروم رکھنا ظلم ہے جبکہ بچوں کو اپنے والد سے ملنے سے روکنا اجتماعی سزا کے مترادف ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال ناقابل تلافی نقصان کی طرف جا سکتی ہے۔
عمران خان کے صاحبزادے نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور مختلف ممالک کی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے پر آواز بلند کریں اور بروقت مداخلت کریں تاکہ عمران خان کو مناسب طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور اہلخانہ کو ملاقات کی اجازت مل سکے۔
