عمران خان کے بیٹوں کی بھی پاکستان مخالف بات برداشت نہیں ہوگی،بیرسٹرگوہر

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے، اگر عمران خان کے بیٹے پاکستان کے خلاف بات کریں گے تو ہم سپورٹ نہیں کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ہم پاکستان کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کر سکتے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں عمران خان کے بیٹے نے قاسم خان نے پاکستان مخالف بلوچ نیشنل موومنٹ کے متنازع رہنما کے ہمراہ جنیوا میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کی اور خطاب کیا، جس کے بعد تنازع پیدا ہوگیا ہے اور ان کی سرگرمیوں اور روابط پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے یونایٹیڈ نیشن ہومین رائٹس کونسل کے سائیڈ ایونٹ میں بلوچ نیشنل موومنٹ کے رہنما نسیم بلوچ کے ہمراہ خطاب کیا، جہاں انہوں نے پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال پر اظہار خیال کیا اور اپنی گفتگو میں اپنے والد عمران خان کی قید کا معاملہ بھی اٹھایا۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ ایک سابق وزیراعظم کے بیٹے کی جانب سے بین الاقوامی فورمز پر ایسے عناصر کے ساتھ بیٹھنا حساس نوعیت کا معاملہ بن سکتا ہے۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اس سے قبل بھی قاسم خان کی بعض متنازع شخصیات سے ملاقاتوں کی خبریں سامنے آچکی ہیں۔

Back to top button