اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا دینے والی عمران خان کی بہنیں گرفتاری کے بعد رہا

عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا دینے والی بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو پولیس نے گرفتاری کے بعد چکری انٹرچینج پر رہا کر دیا۔
علیمہ خان، نورین خان اور عظمیٰ خان گزشتہ روز اڈیالہ جیل پہنچیں تاہم ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر انہوں نے فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا تھا،اس دوران پی ٹی آئی کے دیگر رہنما اور کارکنان بھی وہاں جمع ہوگئے۔
رات گئے پولیس نے دھرنے کے شرکاء کو منتشر کرتےہوئے عمران خان کی بہنوں کو گرفتار کرلیا، تاہم کچھ ہی دیر بعد انہیں چکری انٹرچینج پر رہا کردیا گیا، رہائی کےبعد عمران خان کی بہنیں اور دیگر پارٹی رہنما گھروں کو روانہ ہوگئے۔
قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی پیش کش تحریک تحفظ آئین نے نہیں بلکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کی ہے، عمران خان نے سڑکوں پر نکلنے کا کہا ہے،بہت جلد لوگ سٹریٹ موومنٹ میں سڑکوں پر ہوں گے۔
علیمہ خان نے کہا کہ ہم عمران خان کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے،وہ جیل میں اپنے لیے نہیں بلکہ سب کےلیے بیٹھے ہیں،یہ لوگ ڈرے ہوئے ہیں کیوں کہ سہیل آفریدی کے دورے میں پورے لاہور کو بند کردیا گیا۔
