پی ٹی آئی مظاہرین سنگجانی جائیں گے،جیل سےمنظوری مل گئی،وزیرداخلہ کادعویٰ

وزیرداخلہ محسن نقوی نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم نے پی ٹی آئی والوں کو سنگجانی جانے کاکہنا ہے ،جیل میں عمران خان سے منظوری مل گئی ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ  محسن نقوی کا رات گئے صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تا کہ ہمیں تحریک انصاف کی جانب سے پیشکش کا حتمی جواب نہیں ملا ۔ہمیں کرفیو لگانا پڑا یا انتہائی قدم اٹھانا پڑا تو لگائیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے 2بار ملاقاتیں کی ہیں۔پی ٹی آئی والوں کو کہہ دیا ہے کہ ریڈ لائن کراس کی تو جوابی کارروائی کی جائے گی ۔گولیاں چل رہی ہیں مجبور نہ کریں کہ گولی کاجواب گولی سے دیں۔ابھی اطلاع آئی ہے کہ 26نمبرچونگی پررینجرز کے جوان کو  گولی لگی ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے ہمیشہ کوشش کی کہ انہیں لاشیں مل جائیں۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نےحکومتی تجاویز میں سےایک پراتفاق کرلیا۔اہلیہ بشریٰ بی بی اورکارکنان کیلئے ویڈیو بیان ریکارڈ کروادیا۔

پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان بریک تھرو کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد کی بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات ہوئی۔ ذرائع نے بتایاکہ بانی پی ٹی آئی نے حکومتی تجاویز میں سے ایک پر اتفاق کر لیا اور بانی پی ٹی آئی نے ملاقات میں بیرسٹر گوہر کو ویڈیو میسج ریکارڈ کروا دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ویڈیو میسج بشریٰ بی بی، علی امین گنڈاپور اور کارکنوں کےلیے رکارڈ کیا گیا۔

 واضح رہے کہ حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، شبلی فراز اور اسد قیصر کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی ۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی وفد کے درمیان ملاقات تقریباً سوا گھنٹے تک جاری رہی۔

قبل ازیں، ذرائع نے بتایا تھا کہ عمران خان احتجاج جاری رکھنے یا کال آف کرنے کا فیصلہ کریں گے اور پی ٹی آئی وفد احتجاج کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی تعین کرے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان منسٹر انکلیو میں مذاکرات ہوئےتھے، پی ٹی آئی کے وفد میں چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹرگوہر، سینیٹر شبلی فراز اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر شامل  تھے۔

حکومت کی طرف سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ اور انجینئر امیر مقام مذاکرات کا حصہ  تھے۔

تاہم، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی اور حکومت کے مابین مذاکرات شروع نہیں ہوئے، مزید کہنا تھا کہ اگر مذاکرات ہوئے تو سب کو آگاہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آج پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نےحکومت سے مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس حوالے سےجلد کوئی خبر آئے گی۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف اور بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سےڈیڑھ گھنٹےتک مشاورت کی تھی، ملاقات کے دوران اسلام آباد میں احتجاج کےمعاملے پر مشاورت کی گئی تھی۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں عمران خان سے ملاقات کرنےکے بعد واپس روانگی کے دوران بیرسٹر گوہر نےصحافیوں سے گفتگو کرتےہوئے کہا تھا کہ خان صاحب کی احتجاج کی کال فائنل ہے،احتجاج کال آف والی بات نہیں ہے۔

Back to top button