عمران کی تعریف: پیوٹن کی جھوٹی ویڈیو کس نے وائرل کی؟

سوشل میڈیا پر روسی صدر ولادی میر پوٹن کی جانب سے حال ہی میں روس کا دورہ کرنے والے
وزیر اعظم عمران خان کی وہ تعریفی ویڈیوز جھوٹی نکلی جس میں پوٹن عمران کو بہادر لیڈر قرار دے رہے ہیں
، اب معلوم ہوا ہے کہ روسی زبان میں پوٹن کی ویڈیو کے نیچے چلایا گیا انگریزی ترجمہ غلط تھا اور روسی صدر نے عمران بارے کوئی تعریفی ریمارکس نہیں دیئے تھے۔
جب 23 فروری کو عمران خان روس پہنچے، اسی دن روسی صدر نے یوکرین کے کئی علاقوں میں ’سپیشل ملٹری آپریشن‘ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ایک ایسے وقت میں جب امریکہ اور دیگر مغربی ممالک روس پر پابندیاں لگا رہے تھے، عمران خان کا روس پہنچنا روایتی اور سوشل میڈیا پر زیر بحث رہا۔ وزیر اعظم کو روس سے پاکستان لوٹے کئی دن گزر چکے لیکن سوشل میڈیا پر ان کے دورہ روس کے حوالے سے اب بھی کئی بیانات اور ویڈیوز گردش کررہے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر روسی صدر ولادی میر پوٹن کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ عمران کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان کا دورہ کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔
برطانیہ کے معتبر اخبار دی گارڈیئن کی 30 سکینڈز کے اس ویڈیو کلپ میں پوتن روسی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ تاہم اس ویڈیو میں ایک مسئلہ ہے، ویڈیو کے سب ٹائٹلز میں بتایا جا رہا ہے کہ پوتن وزیراعظم عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بہادر کہہ رہے ہیں۔ روسی زبان نہ سمجھنے والوں کے لیے اس ویڈیو کے مواد کو سمجھنے کے لیے صرف ایک ہی راستہ تھا اور وہ تھا ویڈیو کے نیچے چلنے والے ’سب ٹائٹلز‘۔ سب ٹائٹلز کی ابتدا میں روسی صدر سے منسوب بیان میں کہا گیا کہ جو بھی یہ سمجھ رہا ہے کہ روس یوکرائن میں اکیلا ہے وہ جھوٹ کہہ رہا ہے، رواں ہفتے میں نے پاکستان کے بہادر وزیراعظم کی مہمان نوازی کی، عمران خان نے دورہ روس کی میری دعوت پر مغربی دباؤ کو مسترد کیا۔
انگریزی سب ٹائٹلز کے مطابق روسی صدر ویڈیو میں کہتے دیکھے ہیں کہ بہت جلد میں ایک بڑے گیس پائپ لائن معاہدے پر دستخط کرنے پاکستان جاؤں گا تاہم یہ ویڈیو کلپ صدر پوتن کی 25 فروری کو ایک تقریر سے لیا گیا ہے۔
صدر پوٹن تقریر کرتے ہوئے روسی زبان میں کہہ رہے ہیں کہ میں ایک بار پھر یوکرائن کی مسلح افواج کے اہلکاروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ نیو نازی اور یوکرینین سخت گیر قوم پرستوں کو اپنے بیوی، بچوں اور بزرگوں کو بطور ڈھال استعمال نہ کرنے دیں، آپ اقتدار کو اپنے ہاتھ میں لے لیں، جس سے ہمیں کسی معاہدے پر پہنچنے میں آسانی ہوگی۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے تاحال روسی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کوئی آگاہی نہیں دی ہے، اس کلپ کے جعلی ہونے کے حوالے سے کچھ قابل ذکر شخصیات بھی ٹویٹ کر رہی ہیں، دی ولسن سینٹر میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنوبی ایشیا مائیکل کوگن مین نے ابھی اپنی ٹویٹ میں اس کلپ کے جعلی ہونے کی نشاندہی کی۔
جبکہ معروف صحافی معید پیرزادہ نے بھی ویڈیو کا کلپ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اس کے جعلی ہونے کی تصدیق کی ہے، اپنی ٹوئیٹ میں معید پیرزادہ نے بتایا کہ ویڈیو کا انگریزی سب ٹائٹل جعلی ہے جس کو ایڈیٹ کیا گیا ہے، معید پیرزادہ نے واٹس ایپ صارفین کو خبردار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اس ویڈیو کو مزید صارفین کو بھیجنے سے باز رہیں۔
