ٹیری کو اپنی بیٹی تسلیم کرو، عمران کے بیٹوں کا باپ سے مطالبہ؟

 

 

 

عمران خان کے دونوں بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان سے منسوب ایک حیران کن مشورہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے اپنے والد کو مشورہ دیا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ اب وہ ٹیریان کو اپنی بیٹی کے طور پر تسلیم کر لیں۔ یہ دعویٰ اس لیے بھی غیر معمولی سمجھا جا رہا ہے کیونکہ عمران خان نے ماضی میں کبھی ٹیریان کو اپنی بیٹی تسلیم نہیں کیا، حالانکہ ان کی سابق اہلیہ جمائمہ خان نے ٹیریان کی پرورش اپنے دونوں بیٹوں قاسم اور سلیمان کے ساتھ ہی کی۔

 

ماضی میں عمران خان کے سیاسی مخالفین اس معاملے کو بنیاد بنا کر انہیں طعنے دیتے رہے ہیں اور یہ مؤقف اختیار کرتے رہے ہیں کہ وہ ایک ناجائز بیٹی کے والد ہیں، لہٰذا وہ صادق اور امین نہیں، حالانکہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار انہیں صادق اور امین ڈیکلیئر کر چکے تھے۔

 

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے تازہ ویڈیو کلپ میں عمران خان کے بیٹے قاسم خان کو یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ میرے والد ٹیریان کو اپنا لیں اور اسے اپنی بیٹی کے طور پر قبول کریں۔

تاہم جب اس ویڈیو کے حوالے سے تحقیقات کی گئیں کہ آیا یہ بیان واقعی کسی انٹرویو کا حصہ ہے یا نہیں، تو فیکٹ چیک کے بعد تصدیق ہوئی کہ یہ انٹرویو جعلی ہے اور اسے مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔ تحقیقات میں یہ بھی واضح ہوا کہ قاسم خان اور ان کے بھائی سلیمان خان نے اپنے کسی بھی مستند انٹرویو یا بیان میں اس نوعیت کی کوئی بات نہیں کی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اسی انٹرویو کا ایک ایڈٹ شدہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس میں سلیمان خان سے منسوب یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے کہا ہے کہ ممکن ہے کہ میرے والد کو قتل کر دیا جائے، اگر ایسا ہوا تو ہم دونوں بھائی پاکستان جا کر سیاست شروع کر دیں گے۔

 

بعد ازاں فیکٹ چیک میں یہ بیان بھی من گھڑت ثابت ہوا اور بتایا گیا کہ یہ کلپ بھی مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کیا گیا تھا، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ دوسری جانب، اصل اور مستند انٹرویو میں عمران خان کے بیٹوں نے اپنے والد کی قید اور صحت سے متعلق سنگین خدشات کا اظہار کیا تھا۔ ’سکائی نیوز‘ کے پروگرام میں صحافی یلدا حکیم سے گفتگو کرتے ہوئے قاسم خان نے کہا تھا کہ وہ گزشتہ کئی ماہ سے اپنے والد سے بات نہیں کر سکے، جو اگست 2023 سے جیل میں قید ہیں۔ قاسم خان اور سلیمان خان کے مطابق عمران خان کو جیل میں ’ڈیتھ سیل‘ میں رکھا گیا ہے اور انہیں شدید نفسیاتی اذیت کا سامنا ہے۔ دونوں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ موجودہ حالات میں شاید وہ اپنے والد کو دوبارہ کبھی نہ دیکھ سکیں۔

قاسم خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو دو سال سے زائد عرصے سے تنہائی کی کوٹھڑی میں رکھا گیا ہے، جہاں انہیں گندا پانی دیا جاتا ہے اور وہ ایسے قیدیوں کے درمیان ہیں جو ہیپاٹائٹس جیسے امراض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

 

یاد رہے کہ ٹیری یا ٹیریان وائٹ امریکی شہری سیتا وائٹ کی بیٹی ہیں، جو ایک امیر امریکی خاتون اور سماجی شخصیت کے طور پر جانی جاتی تھیں۔ سیتا کا انتقال 2004 میں اچانک ہو گیا تھا جس کے بعد اس کی بیٹی ٹیریان کو عمران خان نے جمائمہ خان کے حوالے کر دیا تھا جو سیتا کی دوست بھی تھیں۔ اپنی موت سے پہلے سیتا وائٹ نے لاس اینجلس کی ایک عدالت میں عمران کے خلاف ایک مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں یہ مطالبہ کیا گیا تھا کہ ٹیریان کو عمران خان کی بیٹی قرار دیا جائے۔ عدالتی کارروائی کے نتیجے میں عدالت نے عمران خان کو بچی کے مالی اخراجات سے متعلق ذمہ داری ادا کرنے کا حکم دیا، کیونکہ ڈی این اے ٹیسٹ سے ثابت ہو گیا تھا کہ عمران خان ہی ٹیری کے والد ہیں۔ بعد ازاں ٹیریان کی پرورش جمائمہ خان نے اپنے دونوں بیٹوں قاسم اور سلیمان کے ساتھ کی، مگر عمران کی جانب سے آج تک ٹیریان کو باضابطہ طور پر اپنی بیٹی تسلیم کرنے کا کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔

Back to top button