ون ڈے سیریز: پاکستان نے جنوبی افریقا کو وائٹ واش کر دیا

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں 37 رنز سے شکست دے کر کلین سویپ کر دیا، جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پاکستان کے 308 رنز کے تعاقب میں 42 اوورز میں ہی 271 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ سفیان مقیم نے 4 وکٹیں لے کر وائٹ واش کو یقینی بنایا۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ون ڈے میں 81 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی۔پاکستان کے 308 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 25 کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹیمبا باووما 8 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ دوسری وکٹ 44 کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹونی ڈی زورزی کو شاہین شاہ آفریدی نے اپنی ہی گیند پر کیچ پکڑ کر پویلین بھیج دیا۔
جنوبی افریقہ کی تیسری وکٹ 80 کے مجموعی اسکور پر گری جب ایڈن مارکرم 19 رنز بنا کر سفیان مقیم کی گیند پر کامران غلام کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ چوتھی وکٹ 120 کے مجموعی اسکور پر گری جب راسی وان ڈر ڈوسن کو 35 رنزپر محمد حسنین نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔
جنوبی افریقہ کی پانچویں وکٹ 123 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیوڈ ملر 3 رنز بنا کر صائم ایوب کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ چھٹی اورانتہائی اہم وکٹ 194 کے مجموعی اسکور پر گری جب ہینرک کلاسن 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر طیب طاہر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
جنوبی افریقہ کی ساتویں وکٹ 212 کے مجموعی اسکور پر گری جب مارکو جینسن 26 بنا کر سفیان مقیم کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، آٹھویں وکٹ 250 کے مجموعی اسکور پر گری جب بجورن فورٹوئن8 بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر عبداللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
جنوبی افریقہ کی نویں وکٹ 271 کے مجموعی اسکور پر گری جب کاگیسو رابادا کو سفیان مقیم نے 14 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا، جنوبی افریقہ کی دسویں وکٹ بھی 271 کے مجموعی اسکور پر گری جب کوینا ماپھاکا کو بھی سفیان مقیم نے صفر پر کلین بولڈ کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے اسپنر سفیان مقیم نے 4 ، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے 2 ، 2 جبکہ محمد حسنین اور صائم ایوب نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں پروٹیز کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا،بارش کے باعث میچ کو 47 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا، عبداللہ شفیق مسلسل تیسرے میچ میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تاہم صائم ایوب نے اپنی شاندار فارم کو جاری رکھا اور سینچری اسکور کی، انہوں نے 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 94 گیندوں پر 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
یہ 22 سالہ بیٹر کیون ڈے کریئر کی تیسری اور سیریز کی دوسری سینچری اسکور تھی۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 52، کپتان محمد رضوان 53 اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے 48 رنز اسکور کیےجبکہ ٹیم میں شامل ہونے والے مڈل آرڈر بیٹر طیب طاہر نے 28 رنز اسکور کیے، جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو رباڈا نے 3 اور مارکو جانسن نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، گرین شرٹس کی جانب سے سفیان مقیم ڈیبیو کریں گے جبکہ مڈل آرڈر بلے باز طیب طاہر اور فاسٹ باؤلر محمد حسنین بھی ٹیم میں شامل ہیں، حارث رؤف، عرفان خان اور ابرار احمد آج کے میچ میں آرام کررہے ہیں۔
پنک ڈے ون ڈے انٹرنیشنل میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کو پاکستان کیخلاف وائٹ واش کا چیلنج درپیش ہے، پروٹیز کرکٹ ٹیم بریسٹ کینسر کے خلاف اگاہی مہم پھیلانے کے لیے پنک ڈے میچ کا انعقاد کرتی ہے جس میں مہمان ٹیم نے گلابی رنگ کی وردی زیب تن کی ہوتی ہے۔
پاکستان کے پلیئنگ الیون میں محمد رضوان (کپتان)، بابر اعظم، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، سلمان علی آغا، طیب طاہر، سفیان مقیم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد حسنین شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کے پلیئنگ الیون میں ٹیمبا باووما (کپتان)، ایدن مارکرم، ٹونی ڈی زورزی، ڈیوڈ ملر، راسی وینڈر ڈوسن، ہنرک کلاسن، مارکو جانسن، بیورن فورچون،کیوین مافاکا، کوربن بوسک، کگیسو رباڈا شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 10 دسمبر سے 7 جنوری تک جنوبی افریقہ کے دورے میں 3 ٹی20، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین پہلا ون ڈے 17 دسمبر کو کھیلا گیا جب کہ ٹیسٹ میچز بالترتیب 26 دسمبر اور 3 جنوری کو سنچورین اور کیپ ٹاؤن میں شروع ہوں گے۔
