موجودہ حالات میں دفاعی بجٹ میں اضافہ ناگزیر ہے، خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خطے میں جنگ جاری ہے اور پاکستان بھی دفاعی محاذ پر لڑ رہا ہے۔ موجودہ حالات میں دفاعی بجٹ میں اضافہ ناگزیر ہے۔
ایک ٹی وی سے گفتگو میں وزیردفاع نے کہا کہ امریکہ ایران جنگ روکنے کی کوششیں کر رہا ہے، جبکہ یورپی ممالک امریکا اور اسرائیل کا ساتھ دینے سے گریز کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس کشیدگی کو "پاپولر جنگ نہیں” قرار دیا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز سے دنیا کا 20 فیصد تیل گزرتا ہے، اور اس کی بندش سے پیدا ہونے والی قلت عالمی معیشت پر منفی اثر ڈالے گی۔
انہوں نے بھارت کے حوالے سے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ براہِ راست جنگ کی کوشش کی، مگر پاکستان نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔ بھارت ہر ایسی صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہے جس سے پاکستان کا نقصان ہو۔
افغانستان کے حوالے سے وزیردفاع نے کہا کہ پاکستان پر افغانستان سے حملے ہوتے ہیں اور فتنہ الخوارج کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ افغان حکومت اور عوام کا موجودہ رویہ قابل قبول نہیں، اور پاکستان نے مسائل کے حل کے لیے بات چیت کی کئی کوششیں کیں، مگر افغانی قابل اعتماد نہیں ہیں۔ خطرہ ختم ہونے تک آپریشن جاری رہے گا۔
پاکستان کی سعودی عرب سے طویل مدتی اقتصادی تعاون کیلئے 8 اہم درخواستیں
خواجہ آصف نے افغانستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان نے ہمیشہ دہشتگردوں کی پشت پناہی کی ہے، اور اگر افغانستان کی حمایت نہ ہوتی تو یہ گروہ پہلے ہی ختم ہو چکے ہوتے۔ موجودہ صورتحال کو منطقی انجام تک پہنچانا ضروری ہے۔
