پنجاب میں اپنی چھت اپنا گھرپروگرام کیلئے قرضوں کےحجم میں اضافہ

پنجاب میں "اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت بلا سود قرضوں کی فراہمی کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے، اور اب اس اسکیم کے تحت سال 2028 تک 5 لاکھ خاندانوں کو قرضہ جات دیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس ہوا جس میں ڈی جی پھاٹا، سکندر ذیشان نے پروگرام کی موجودہ پیش رفت پر بریفنگ دی۔
نورالامین مینگل نے بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر 60 ہزار سے زائد خاندان بلا سود قرضوں سے مستفید ہو چکے ہیں، جبکہ 15 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
ان کے مطابق مالی سال 2024-25 کے لیے قرضوں کی فراہمی کا ہدف 47 ہزار خاندان تھا، تاہم 4 ہزار اضافی خاندانوں کو بھی قرض دیے گئے، یوں رواں سال 51 ہزار سے زائد خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرض فراہم کیا جا چکا ہے۔
سیکریٹری ہاؤسنگ نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق قرضوں کی فراہمی بلا امتیاز جاری ہے، اور نئے مکان مالکان سے ملاقات کے دوران ان کے چہروں پر خوشی اور اطمینان اس منصوبے کی کامیابی کا ثبوت ہے۔
