علی امین گنڈاپور کاتیرہ واقعہ میں جاں بحق افراد کیلئےامدادکااعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے تیراہ واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق اور زخمی افراد کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے وادی تیراہ میں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے اور زخمیوں کو فی کس 25 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے قبائلی مشران اور عوامی نمائندوں پر مشتمل جرگہ پشاور طلب کر لیا ہے تاکہ مقامی آبادی کے جذبات اور تحفظات کو براہِ راست سنا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ عوامی رابطوں کو مزید مضبوط بنائیں اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مربوط اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت پائیدار امن، شہریوں کے تحفظ اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ آل پارٹیز کانفرنس میں ان جیسے واقعات پر سنجیدہ غور و خوض کیا گیا اور مؤثر تجاویز مرتب کی گئیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ قبائلی عمائدین اور مشران کے ساتھ جرگوں کا سلسلہ آئندہ ہفتے سے ڈویژنل اور پھر صوبائی سطح پر شروع کر دیا جائے گا۔

Back to top button