بھارت اور پاکستان مزید کشیدگی نہ بڑھائیں، مسئلے کا حل نکالیں: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

امریکا نے بھارت اورپاکستان پر زور دیا ہےکہ پہلگام حملے کےتناظر میں  بڑھتی کشیدگی کے دوران صورتحال مزید خراب نہ کریں ۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ کشمیر کی صورتحال پر پاکستان اور بھارت دونوں سے رابطہ کیا جا رہا ہےاوران سے کہا جارہا ہے کہ کشیدگی میں اضافہ نہ کریں۔

ایک سوال پر ٹیمی بروس نےکہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو پاکستان اور بھارت کے وزرا خارجہ سے آج یا کل بات کریں گے۔ وہ دیگر قومی رہنماوں اور وزراخارجہ کی بھی حوصلہ افزائی کررہے ہیں کہ وہ بھی اس مسئلہ پر پاکستان اور بھارت سے رابطہ کریں۔

ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ اس معاملے پر روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔پاکستان اور بھارت میں اپنے ہم منصب سےوزیر براہ راست بات کر رہے ہیں اور توقع ہے کہ یقیناً اس کا ویسا ہی اثر ہوگاجیسا کہ وزیر دیگر لوگوں سے بات کرتے ہیں۔

بھارت اگلے 36 گھنٹوں میں پاکستان کے خلاف کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے : عطا تارڑ

 

ایک اورسوال پر ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکا صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان اور بھارت کی حکومتوں سے نہ صرف وزیر خارجہ کی سطح پر بلکہ کئی سطح پر رابطہ ہے اور فریقوں سےکہا جارہا ہے کہ وہ ذمہ دارانہ حل نکالیں کیونکہ دنیا یہ صورتحال دیکھ رہی ہے۔

انہوں نےکہا کہ اس لمحہ سب سے اہم یہ ہےکہ وزیر خارجہ مارکو روبیو کی بات چیت کا نتیجہ نکلے۔

واضح رہےکہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ بڑھ گیا ہے۔

بھارت کی جانب سےسندھ طاس معاہدے کی معطلی سمیت کیے جانے والے اقدامات پرپاکستان نے بھی بھرپور جواب دیا ہے۔

Back to top button