بھارتی آبی جارحیت : دریائے چناب پر پن بجلی منصوبے کی منظوری

بھارت نے ایک بار پھر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریائے چناب پر پن بجلی منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے بھارتی آبی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دلہستی اسٹیج ٹو پن بجلی منصوبہ سندھ طاس معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ اقدام پاکستان کے تسلیم شدہ آبی حقوق پر براہِ راست حملے کے مترادف ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی بین الاقوامی قوانین، عالمی اصولوں اور علاقائی امن کے خلاف ہے، جبکہ بھارتی منصوبے سے پاکستان کی آبی، زرعی اور ماحولیاتی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دلہستی منصوبہ دفاعی اور تزویراتی اعتبار سے بھی پاکستان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے اور بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر کے خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام کو بڑھا رہا ہے۔
شیری رحمان کے مطابق دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اور غیر معمولی کمی بھارتی آبی جارحیت کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سندھ طاس معاہدہ کسی ایک ملک کی صوابدید نہیں بلکہ عالمی ضمانتوں کے تحت طے پانے والی دستاویز ہے، اور دریاؤں پر اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش سنگین نتائج کو جنم دے سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے جس پر کوئی سمجھوتا ممکن نہیں، اگر بھارت باز نہ آیا تو اسے بنیان المرصوص کی طرح ایک بار پھر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ شیری رحمان نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کو عالمی فورمز پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا اور بھارت کو یکطرفہ اقدامات ترک کر کے بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔
