بھارت کا میانمار میں حملہ، علیحدگی پسند تنظیم اُلفا کے 3 کمانڈر ہلاک

جنگی جنون میں مبتلا بھارت کےمیانمار میں ڈرون حملے، علیحدگی پسند تنظیم اُلفا کے 3 کمانڈر ہلاک کردیئے
بھارتی علیحدگی پسند تنظیم "یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام” (اُلفا) نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی فوج نے سرحد پار میانمار میں تنظیم کے ایک کیمپ کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تنظیم کے تین اعلیٰ کمانڈر ہلاک اور متعدد ارکان زخمی ہو گئے۔ حملے میں عام شہریوں کے متاثر ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
ابھی تک بھارتی حکومت یا فوج کی جانب سے ان حملوں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی میانمار کے ساگاینگ علاقے میں کی گئی، جہاں 150 اسرائیلی ساختہ ڈرون استعمال کیے جانے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (اُلفا) بھارت کی ریاست آسام کی آزادی کے لیے سرگرم ایک مسلح علیحدگی پسند گروپ ہے۔ تنظیم نے الزام لگایا ہے کہ بھارتی فوج اروناچل پردیش سے کیمپوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور اس "وحشیانہ حملے” کا جواب ضرور دیا جائے گا۔
بین الاقوامی مبصرین کے مطابق ایسے حملے نہ صرف علاقائی استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین اور ہمسایہ ممالک کی خودمختاری کے اصولوں کی بھی صریح خلاف ورزی ہیں۔
