بھارت: مسلم خاتون کا نقاب کھینچنے پر بھارتی وزیر اعلیٰ کیخلاف مقدمہ درج

بھارتی ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں ایک تقریب کے دوران مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچنے کے واقعے پر بی جے پی کے اتحادی اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ریڈی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لکھنو میں سماج وادی پارٹی کی رہنما سمیہ رانا نے اس واقعے پر نتیش کمار کے خلاف باقاعدہ طور پر مقدمہ درج کروایا ہے۔
دوسری جانب انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے اس واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی عوامی عہدیدار کی جانب سے کسی خاتون کا حجاب یا نقاب زبردستی ہٹانا عورت کی عزت، شناخت اور ذاتی آزادی پر سنگین حملہ ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق ایسے اقدامات نہ صرف خواتین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہیں بلکہ معاشرے میں خوف اور عدم تحفظ کے ماحول کو بھی جنم دیتے ہیں۔
ادھر سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان اظہرالدین نے بھی مسلمان خاتون کا نقاب کھینچنے کے واقعے پر نتیش کمار کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ دو روز قبل پیش آیا تھا، جس کے بعد بھارتی سیاسی رہنماؤں، صحافیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس عمل کو شرمناک قرار دیا۔
انسانی حقوق کی کارکن دپیکا پشکر ناتھ نے اس واقعے کو جنسی ہراسانی کا سنگین کیس قرار دیا، جبکہ مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خواتین کی تذلیل سے تعبیر کیا۔
