ٹرمپ کی ٹیرف دھمکی کے بعد بھارت کا امریکا سے F-35 طیارے نہ خریدنے کا فیصلہ

بھارت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹیرف کی دھمکی کے بعد ففتھ جنریشن ایف-35 اسٹیلتھ لڑاکا طیارے خریدنے میں عدم دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔

بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر کی جانب سے بھارتی مصنوعات پر 25 فیصد درآمدی ٹیرف نافذ کرنے کے اعلان کے بعد نئی دہلی نے واشنگٹن کو آگاہ کیا ہے کہ وہ امریکا سے ایف-35 اسٹیلتھ جیٹ طیارے حاصل کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بھارت، صدر ٹرمپ کو مطمئن کرنے کے لیے امریکا سے کچھ مخصوص اشیاء کی درآمدات بڑھانے پر غور کر رہا ہے، لیکن اس فہرست میں دفاعی سازوسامان، بشمول ایف-35 لڑاکا طیارے، شامل نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ رواں برس کے آغاز میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کے وائٹ ہاؤس کے دورے کے دوران، صدر ٹرمپ نے بھارت کو ففتھ جنریشن لڑاکا طیاروں کی پیشکش کی تھی، جس پر مودی حکومت نے سنجیدگی سے غور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ بھارت فی الوقت ٹرمپ کے ٹیرف اقدامات کے خلاف کسی فوری ردعمل کی پوزیشن میں نہیں ہے، اور نہ ہی وہ امریکا سے تعلقات کشیدہ کرنا چاہتا ہے۔ بھارت کی خواہش ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ دو طرفہ تجارتی مذاکرات جاری رکھے جائیں۔

Back to top button