بھارت عالمی توقعات پر پورا نہیں اُترا: امریکی وزیر خزانہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے بھارت کی جانب سے روس سے تیل کی خریداری پر سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسینٹ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ بھارت روسی خام تیل خرید کر اسے ریفائن کرکے آگے فروخت کرتا ہے، جو بین الاقوامی برادری کی توقعات کے برخلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایک "ذمہ دار عالمی طاقت” کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے میں ناکامی دکھائی ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ اور ان کی پوری ٹیم بھارت کے حالیہ فیصلوں پر سخت نالاں ہیں، اور مستقبل میں امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی معاہدوں کا انحصار نئی دہلی کے رویے پر ہوگا۔
ٹرمپ انتظامیہ کے مطابق، بھارت کے اس طرز عمل سے دو طرفہ تجارتی تعلقات غیر یقینی صورتِ حال کا شکار ہو گئے ہیں۔
ٹرمپ کی ٹیرف دھمکی کے بعد بھارت کا امریکا سے F-35 طیارے نہ خریدنے کا فیصلہ
خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے 14 جولائی کو روس سے تیل خریدنے والے ممالک کے خلاف 100 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی وارننگ دی تھی، جس کے بعد بھارت کی چند سرکاری آئل ریفائنریز نے روسی تیل کی خریداری عارضی طور پر معطل کر دی تھی۔
عالمی رپورٹس کے مطابق، بھارت دنیا کا تیسرا سب سے بڑا تیل درآمد کرنے والا ملک ہے اور روسی سمندری خام تیل کا بھی سب سے بڑا خریدار مانا جاتا ہے۔
