بھارت مذموم عزائم کو فتنہ الخوارج کےایجنٹوں کےذریعےآگےبڑھارہاہے،فیلڈمارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کاکہنا ہے کہ بھارت اب اپنے مذموم عزائم کو فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے ایجنٹوں کے ذریعے آگے بڑھا رہا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صدارت میں جنرل ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ 271ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستانی عوام کی سلامتی اور تحفظ پاک افواج کی اولین ترجیح ہے، اور قوم کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں بھارتی سرپرستی میں چلنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف حالیہ کامیابیوں کا جائزہ لیا گیا، اور اس امر پر زور دیا گیا کہ ان کے خلاف ہر سطح پر فیصلہ کن اور مربوط اقدامات ضروری ہیں۔
فورم نے بھارتی سرپرستی میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کے شہداء کے لیے دعائے مغفرت کی۔
اجلاس میں آرمی چیف نے ایران، ترکیہ، آذربائیجان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حالیہ سرکاری دوروں سے متعلق فورم کو آگاہ کیا، جن میں وہ معزز وزیر اعظم کے ہمراہ شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ، آرمی چیف کے حالیہ تاریخی اور منفرد امریکی دورے پر بھی بریفنگ دی گئی، جہاں اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کے دوران پاکستان کا مؤقف دو طرفہ، علاقائی اور عالمی سطح پر پیش کیا گیا۔
فورم نے داخلی و خارجی سیکیورٹی صورتحال پر جامع تبادلہ خیال کیا، بالخصوص مشرق وسطیٰ اور ایران میں حالیہ پیش رفت کے تناظر میں طاقت کے استعمال کو بطور پالیسی ٹول اختیار کرنے کے بڑھتے رجحان پر غور کیا۔ اس ضمن میں خود انحصاری، قومی یکجہتی اور اجتماعی عزم کو ناگزیر قرار دیا گیا۔
بھارتی افواج کی جانب سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ دو طرفہ فوجی صورتحال میں تیسرے فریق کو شامل کرنا بلاک سیاست کا غیر سنجیدہ حربہ ہے، جس کا مقصد بھارت کو علاقائی بالادستی اور خودساختہ محافظ کے طور پر پیش کرنا ہے، حالانکہ دنیا ہندوتوا انتہا پسندی اور بھارتی عزائم سے بخوبی واقف ہو چکی ہے۔
فورم کو پاکستان آرمی کی بدلتی جنگی نوعیت اور خطرات سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے پاک فضائیہ اور بحریہ کے ساتھ تینوں افواج کے اشتراک کو سراہا۔
اجلاس کے اختتام پر آرمی چیف نے پاکستان آرمی کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
