پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے،محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں ہونے والے خود کش حملے کا ماسٹر مائنڈ افغان شہری ہے جسے گرفتار کرلیا گیا، بھارت پاکستان میں دہشتگردی کروا رہا ہے۔
محسن نقوی کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سانحہ اسلام آباد کے ماسٹر مائنڈ کا تعلق کالعدم داعش سے ہے، سی ٹی ڈی نے واقعہ سے منسلک تمام لوگوں کو پکڑ لیا ہے۔دھماکے کے 4 سہولت کاروں کو پکڑا گیا ہے، چھاپوں کے دوران ایک اہلکار شہید اور کچھ زخمی ہوئے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ ترلائی میں ہونے والے خودکش دھماکے نے ہم سب کو ہلا کر رکھ دیا، کل رات آپریشن چل رہے تھے ہم ساری رات نہیں سوئے۔دہشتگردوں کی 21 بین الاقوامی تنظیمیں افغانستان سے کام کررہی ہیں، اسلام آباد حملے کی تربیت اور منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں کہ کیسے خود کش حملہ آور کو لایا گیا، اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ کمیونٹی انٹیلی جینس مؤثر ہونی چاہیے۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ بھارت کی جانب سے دہشتگردوں کو فنڈنگ کی جارہی ہے، خیبرپختونخوا ہو یا بلوچستان ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں۔ بھارت روایتی طریقے سے پاکستان سے جنگ نہیں جیت سکتا، اس لیے پراکسیز کا سہارا لے رہا ہے
محسن نقوی نے کہاکہ بھارت نے پاکستان میں دہشتگردی کرنے کے لیے اپنا بجٹ بڑھایا ہے، ہم جنازے اٹھا رہے ہیں اور دنیا خاموش بیٹھی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کو ڈالرز میں فنڈنگ کی جارہی ہے، جب دوسرے ملکوں میں بھی ایسے جنازے اٹھیں گے تو پھر یہ لوگ بولیں گے۔
محسن نقوی نے کہاکہ اس بار بلوچستان میں جتنے حملے ہوئے، جو آیا بچ کر نہیں گیا۔
انہوں نے کہاکہ ٹی ٹی پی، افغان طالبان اور داعش سب مل کر کام کررہے ہیں، یہ دہشتگردی اب علاقائی خطرہ بنتا جا رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ کسی بھی واقعے کے بعد بی ایل اے کا کانٹینٹ بھارتی میڈیا پر چل رہا ہوتا ہے۔ہمارے سفارتکار دنیا کو بھارت کی دہشتگردی سے آگاہ کریں گے، جبکہ ہم نائب وزیراعظم کو بھی اس صورت حال پر بریف کریں گے۔
محسن نقوی نے کہاکہ جس طریقے سے واردات ڈالی گئی ہمیں اپنے سسٹم کو دیکھنا ہوگا، کیوں کہ جس دہشتگرد کو پہلے 500 ڈالر مل رہے تھے اسے اب 1500 ڈالر مل رہے ہیں۔
