بھارت دہشت گرد گروہوں کے ذریعے ہائبرڈ جنگ کو فروغ دے رہا ہے : فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ’فتنۃ الخوارج‘ اور ’فتنۃ الہندوستان‘ بھارت کی ناکام پراکسیز ہیں، بھارت میدان جنگ میں شکست کھا چکا ہے، اب وہ دہشت گرد گروہوں کے ذریعے ہائبرڈ جنگ کو فروغ دے رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے 16ویں سیشن کے شرکاء سے ملاقات کی، جس میں سول سرونٹس اور ماہرین تعلیم بھی شریک تھے۔
فیلڈ مارشل نے بھارت کی جانب سے دہشت گرد عناصر کی پشت پناہی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میدان جنگ میں شکست کھا چکا ہے، اب وہ دہشت گرد گروہوں کے ذریعے ہائبرڈ جنگ کو ہوا دے رہا ہے۔ تاہم یہ گروہ بھی اسی انجام سے دوچار ہوں گے جو ’’معرکۂ حق‘‘ میں بھارت کو ملا۔
جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ دہشت گردی نہ مذہب دیکھتی ہے، نہ فرقہ اور نہ نسل، اس کے مکمل خاتمے کےلیے پوری قوم کو متحد عزم اور اجتماعی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
آرمی چیف نے بھارت کی پراکسی کارروائیوں کو بلوچستان کے عوام کی حب الوطنی کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش داخلی و خارجی خطرات کے پیش نظر قومی وقار اور عوام کی سلامتی کے تحفظ کےلیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
مزید برآں، جنرل عاصم منیر نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام اداروں کے مابین ہم آہنگی اور مربوط قومی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
