بھارت ریاستی سرپرستی میں پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت ریاستی سرپرستی میں پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کی حمایت اور مالی معاونت کر رہا ہے، جسے اس نے بطور پالیسی اپنایا ہوا ہے۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے مذموم عزائم بالخصوص بلوچستان میں امن و استحکام کو متاثر کرنے کی منظم سازش کا حصہ ہیں۔ بھارتی قیادت کئی مواقع پر پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کا اعتراف کر چکی ہے، جب کہ امریکا اور کینیڈا جیسے ممالک بھی بھارتی ریاستی دہشتگردی کی حقیقت تسلیم کر چکے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی انٹیلی جنس نیٹ ورک اور دہشتگرد کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ اجیت دوول ہے، جو خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔

جوہری پروگرام سے متعلق موقف
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور ڈکلیئرڈ ایٹمی ریاست ہے، اور اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر محفوظ اور ناقابل تسخیر ہے۔
انہوں نے کہا “پاکستان کی جوہری صلاحیت ہمارے دفاع اور علاقائی توازن کا ضامن ہے، کوئی بھی اسے نشانہ بنانے کی جسارت نہیں کر سکتا۔”

انہوں نے کہا کہ اسلام میں جہاد یا قتال کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہے، کسی فرد، تنظیم یا گروہ کو یہ اختیار حاصل نہیں۔

بنوں میں ڈرون حملے : خاتون جاں بحق، تین افراد زخمی

 

انہوں نے "فتنہ الخوارج” اور "فتنہ الہندوستان” کی اصطلاحات واضح کرتے ہوئے کہا کہ“فتنہ الخوارج کا اسلام، انسانیت یا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، جب کہ فتنہ الہندوستان اُن دہشتگرد گروہوں کو کہا جاتا ہے  جو بھارتی حمایت سے خصوصاً بلوچستان میں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں مصروف ہیں۔”

انٹرویو کے اختتام پر انہوں نے ایران کے لیے پاکستان کی سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔

 

Back to top button