بھارت سندھ طاس معاہدے کو ہتھیار بنانے کی کوشش کررہا ہے : وزیراعظم

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہےکہ بھارت حالیہ جنگ میں بدترین شکست کےبعد سندھ طاس معاہدے کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن دنیا نےاس کا دھمکی آمیز بیانیہ یکسر مسترد کردیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت آبی وسائل سے متعلق امور پر اہم اجلاس ہوا،اجلاس سے خطاب کرتےہوئے وزیراعظم نےکہا کہ وفاقی حکومت اور صوبوں سمیت تمام وفاقی اکائیوں کو ملک میں نئے پانی کے ذخائر کی تعمیر کےحوالے سے مل کر کام کرنا ہے۔

انہوں نےکہا کہ غیر متنازع آبی ذخائر کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا،نئے ڈیمز کی تعمیر،تمام صوبوں کے اتفاق سے ہوگی۔

اجلاس میں ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کےحوالے سے نئے ڈیمز بنانے کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیاگیا،چاروں صوبوں،گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ اور آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے یک زبان ہوکر بھارت کی آبی جارحیت کی مذمت کی اور اس حوالے سے وفاقی حکومت کے ساتھ کھڑے ہونےکے عزم کا اعادہ کیا۔

وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بنیان مرصوص بن کر ملک کی آبی سکیورٹی یقینی بنانےکا عزم کیا۔

وزیراعظم نے ملک میں نئے آبی ذخائر بنانے اور فنڈنگ کے حوالے سے وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کے احکام جاری کیے،کمیٹی نئے ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے فنڈنگ سے متعلق مختلف حکمت عملیوں کا جائزہ لے گی، اور اس حوالے سے سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

وزیراعظم نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمیں حالیہ پاک بھارت جنگ میں تاریخی فتح حاصل ہوئی،جس پر جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔انہوں نے کہاکہ اب ہمارا فرض ہےکہ شب و روز محنت کر کے معاشی استحکام حاصل کریں اور آئندہ نسلوں کےلیے محفوظ مستقبل یقینی بنائیں۔

شہباز شریف نے کہاکہ بھارت پانی کے تقسیم کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے اور اس کے پروپیگنڈے کو نہ تو عالمی حمایت ملی،نہ ہی سفارتی کامیابی۔ وزیراعظم نے اعلان کیاکہ پاکستان عالمی قوانین اور سندھ طاس معاہدے کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے بھارتی آبی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔

فتنہ الہندوستان کے ہر حملے کو ناکام بنائیں گے، بلوچستان میں بڑے فوجی آپریشن کی ضرورت نہیں ، وزیر اعلیٰ بلوچستان

ان کاکہنا تھاکہ بھارت کو حالیہ جنگ میں بدترین شکست ہوئی ، بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو بطور ہتھیار استعمال کیا، بھارت کی پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکیوں کو دنیا نے مسترد کردیا، پانی تقسیم کے معاہدے کی خلاف ورزی سے متعلق بھارت اپنے بیانیے کو ہوا دے رہاہے،اب ہندوستان کے پانی پر بیانیے کے غرور اور گھمنڈ کو بھی مل کر خاک میں ملائیں گے۔

Back to top button