بھارت نے پاکستان کا پانی روکا یہ جنگ کے مترادف ہوگا : اسحاق ڈار

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کا پانی نہیں روک سکتا اور اگر بھارت نے ایسا کیا تو یہ جنگ کے مترادف ہوگا۔

کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے ہر پاکستانی دراصل وطن کے سفیر ہیں، اور ان سے ملاقات میرے لیے باعث مسرت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان برادرانہ تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات کے باوجود ترقی کا سفر شروع کیا، اور تاریخ میں پہلی مرتبہ آئی ایم ایف اصلاحاتی پروگرام کامیابی سے مکمل ہوا۔ 2018 تک پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بن چکا تھا، اور جی 20 ممالک میں شامل ہونا ہمارا متوقع ہدف تھا، لیکن بعد کے چند برسوں میں جو صورت حال پیدا ہوئی وہ سب کے سامنے ہے۔

ان کے مطابق ملک کی معیشت 24 ویں سے 47 ویں نمبر پر جا پہنچی اور 2020 میں ڈیفالٹ کے قریب تھا۔ تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچا لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 16 ماہ میں پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہوکر 11 فیصد ہو گیا، مہنگائی 38 فیصد سے گھٹ کر سنگل ڈیجٹ میں آ گئی، اور معاشی بحالی کی کوششیں بدستور جاری ہیں۔ ہمارا ہدف ہے کہ پاکستان کو دوبارہ جی 20 میں شامل کریں۔

بھارت سے متعلق گفتگو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا الزام پاکستان پر عائد کیا اور اٹاری بارڈر بند کیا، جو سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی بھی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ چنانچہ واہگہ بارڈر بند کیا گیا، سکھ کمیونٹی کے سوا دیگر بھارتیوں کے ویزے منسوخ کیے گئے، اور بھارتی پروازوں کیلئے فضائی حدود بند کر دی گئی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ 2019 کے پلوامہ حملے کی طرح پہلگام واقعے میں بھی بھارت نے بے بنیاد الزامات لگائے، لیکن ہم نے اس مرتبہ بھارتی بیانیے کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔ پاکستان نے شفاف تحقیقات اور مذاکرات کی بات کی۔

ان کا کہنا تھاکہ بھارت پاکستان کا پانی نہ روک سکتا ہے نہ اس کا رُخ موڑ سکتا ہے، اور اگر ایسا کیا تو یہ جنگ کے مترادف ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے بغیر کسی بین الاقوامی قانونی جواز کے سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ کچھ حلقے دعویٰ کرتے تھے کہ پاکستان عالمی سطح پر تنہا ہو چکا ہے، مگر پاکستان 177 ووٹوں کی واضح اکثریت سے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا رکن منتخب ہوا ہے۔ اسحاق ڈار نے یاد دلایا کہ ایٹمی دھماکوں کے ذریعے پاکستان نے اپنا دفاع ناقابل تسخیر بنایا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کا جھوٹ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا، اور واضح کر دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے 80 ہزار سے زائد شہری قربان ہو چکے ہیں۔ ہمارا عزم ہے کہ آئندہ نسلوں کو ایک پرامن اور محفوظ پاکستان دیا جائے۔

سینیٹ انتخابات : رہنما پی ٹی آئی مشال یوسفزئی پارٹی ٹکٹ کےلیے سرگرم

علاوہ ازیں، اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیراعظم سری انور ابراہیم سے ملاقات کی۔ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق، اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سال 2025 کےلیے آسیان چیئر کی حیثیت سے ملائیشیا کی قیادت کو سراہا۔

ترجمان نے بتایا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم اکتوبر میں وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کے منتظر ہیں۔

Back to top button