ٹرمپ کی دھمکی کے بعد بھارت نے روسی تیل کی خریداری معطل کر دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی گئی تجارتی دھمکی کے بعد بھارت کی سرکاری آئل ریفائنریوں نے روس سے تیل کی خریداری روک دی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارت کی چار سرکاری آئل ریفائنریز نے گزشتہ ہفتے روسی خام تیل کی درآمد معطل کر دی۔
رپورٹ کے مطابق بھارت دنیا کا تیسرا بڑا تیل درآمد کرنے والا ملک ہے، اور روس کے سمندری خام تیل کا سب سے بڑا خریدار بھی ہے۔
بھارتی آئل کمپنیوں اور وزارت توانائی کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے 14 جولائی کو روس سے تیل خریدنے والے ممالک پر 100 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔
تجارتی معاہدہ مکمل، پاکستان ایک دن بھارت کو تیل فروخت کرے : ڈونلڈ ٹرمپ
گزشتہ روز انہوں نے بھارت پر، روس سے اسلحہ اور توانائی کی خریداری کے تناظر میں، 25 فیصد تجارتی ٹیرف اور اضافی پینلٹی لگانے کا اعلان کیا تھا۔
آج اپنے تازہ بیان میں ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا، پاکستان کے تیل ذخائر بڑھانے کے لیے تعاون کرے گا، اور ممکن ہے کہ ایک دن پاکستان بھارت کو تیل برآمد کرے۔
