بھارتی اداکاررنبیرکپور345کروڑ کے اثاثوں کے مالک نکلے

بالی وڈ کے صفِ اول کے اداکار رنبیر کپور345کروڑ بھارتی روپے کے اثاثوں کے مالک نکلے۔
بالی وڈ کے صفِ اول کے اداکار رنبیر کپور کے کروڑوں روپے مالیت کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن میں پُرتعیش جائیدادیں، مہنگی گاڑیاں اور بھاری معاوضے شامل ہیں۔
رنبیر کپور نے "عجب پریم کی غضب کہانی”، "راجنیتی”، "راک اسٹار”، "برفی”، "اے دل ہے مشکل” اور "سنجو” جیسی کئی سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، اور اب وہ بھارتی فلم انڈسٹری کی سب سے بڑے بجٹ کی فلم میں مرکزی کردار نبھا رہے ہیں، جس کا بجٹ تقریباً 1600 کروڑ بھارتی روپے بتایا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنبیر ایک فلم کا معاوضہ تقریباً 75 کروڑ بھارتی روپے وصول کرتے ہیں، جبکہ فی برانڈ اینڈورسمنٹ 6 کروڑ روپے فیس لیتے ہیں۔
تازہ رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 345 کروڑ بھارتی روپے ہے، جو صرف فلموں سے ہی نہیں بلکہ برانڈز، سرمایہ کاری، اور رئیل اسٹیٹ سے حاصل کی گئی آمدن پر مشتمل ہے۔
ان کی پراپرٹیز میں ممبئی کا مشہور "کرشنا راج بینگلو” شامل ہے، جس کی مالیت تقریباً 250 کروڑ بھارتی روپے ہے۔ اس کے علاوہ وہ پالی ہل میں 35 کروڑ روپے مالیت کے اپارٹمنٹ اور پونے کے ٹرمپ ٹاورز میں 13 کروڑ کے فلیٹ کے بھی مالک ہیں، جس سے سالانہ 45 لاکھ روپے کرایہ وصول کیا جاتا ہے۔
رنبیر کی گاڑیوں کے شوق کی بات کی جائے تو ان کے گیراج میں بینٹلی کانٹینینٹل جی ٹی (8 کروڑ روپے مالیت)، رینج روور، مرسڈیز اور دیگر لگژری گاڑیاں شامل ہیں۔
