بحیرۂ عرب میں بھارتی کوسٹ گارڈ نے 9 پاکستانی ماہی گیروں کوگرفتار کر لیا

بحیرۂ عرب میں بھارتی کوسٹ گارڈ نے پاکستانی ماہی گیروں کی ایک کشتی کو تحویل میں لے کر 9 پاکستانی ماہی گیروں کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق کشتی سے تقریباً 500 کلوگرام مچھلی اور ماہی گیری کا سامان برآمد ہوا، جسے بھارتی حکام نے اپنی تحویل میں لے لیا۔
کوسٹل میڈیا سینٹر کے انچارج کے مطابق گرفتار ماہی گیروں کا تعلق کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کشتی سے کوئی غیر قانونی یا مشکوک مواد برآمد نہیں ہوا۔ یہ واقعہ گجرات کے قریب کھلے سمندر میں پیش آیا، جہاں پاکستانی ماہی گیر اپنے روایتی ماہی گیری کے علاقوں میں شکار کر رہے تھے۔
انچارج کوسٹل میڈیا سینٹر نے کہا کہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
