بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود آکر مجھ سے ملے، ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاکہ دورہ ڈھاکہ کے موقع پر ہمارے ذہن میں تھا کہ بھارتی وفد سے گریز کرنا ہے لیکن بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود مجھ سے آکر ملے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر سردار ایاز صادق نےہاکہ ہم بیٹھے ہوئے تھے اور بھارتی وزیر خارجہ ہم سے آکر ملے، جے شنکر نے خود آکر مجھ سے ہاتھ ملایا۔
انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر خارجہ کے ساتھ کیمرے آئے ہوئے تھے اور انہیں معلوم تھا کہ یہ رپورٹ ہوگا، جنازے میں جانے سے پہلے ہم سب کو ایک جگہ اکٹھا کیا گیا تھا، جہاں یہ مصافحہ ہوا۔
انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش کے لوگوں نے انتہائی گرمجوشی سے ہمارا استقبال کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باوجود بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی اور مصافحہ کیا، جسے سیاسی حلقوں میں غیر متوقع پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات ڈھاکا میں ہوئی، جہاں دونوں رہنما بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کے جنازے میں شریک تھے۔ جے شنکر خود سپیکر قومی اسمبلی کے پاس گئے اور دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار گفت و شنید ہوئی۔
یہ ملاقات مئی میں پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر پہلی باہمی ملاقات ہے۔ مئی میں ہونے والے تصادم کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا ہو گئی تھی اور سیاسی و سفارتی رابطے محدود یا معطل تھے۔
واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد بھارت نے اپنی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے روک دیا تھا، تاہم دیگر کھیلوں میں باہمی مصافحہ جاری رہا۔
بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے گزشتہ برس پاکستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران بھی پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی تھی، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم سفارتی مواقع میں سے ایک تھا۔
