ایشیا کپ میں پاکستان کابائیکاٹ کرنےکیلئےبھارتی میڈیاکاپروپیگنڈا

ایشیا کپ 2025 کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹس میں انکشاف ہوا ہے کہ ایونٹ کے میزبان بھارت کے لیے اب پاکستان کے خلاف میچ یا ایشیا کپ سے دستبردار ہونا ممکن نہیں رہا۔

ذرائع کے مطابق بھارت ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف شیڈول کے مطابق میچ کھیلے گا۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حالیہ دنوں ڈھاکا میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے گرین سگنل دے دیا تھا۔

اجلاس میں بھارتی رضامندی کے بعد اب ایونٹ یا پاک-بھارت میچ سے بائیکاٹ کا کوئی امکان باقی نہیں رہا۔ رپورٹس کے مطابق بھارت 2025 ایشیا کپ کی میزبانی کر رہا ہے، اور اس مرحلے پر کسی بھی قسم کی تبدیلی ممکن نہیں۔

بھارتی بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر باضابطہ سطح پر تفصیلی مشاورت کے بعد ہی فیصلے کیے گئے، اور بورڈ نے اجلاس یا شیڈول کے اعلان کے بعد بائیکاٹ کے کسی مطالبے پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

تاہم، شیڈول کے اعلان کے بعد بھارتی میڈیا نے اپنے ہی بورڈ اور حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بھارت میں ورلڈ چیمپئنز لیگ کی طرز پر ایشیا کپ میں بھی پاکستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔

سابق بھارتی کرکٹرز نے بھی پاکستان کے خلاف کھیلنے کے فیصلے پر اعتراضات اٹھائے ہیں اور اس پر تنقید کی ہے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کا شیڈول گزشتہ روز جاری کیا گیا تھا۔ ایونٹ کا آغاز 9 ستمبر سے ہوگا، جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا گروپ میچ 14 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں کم از کم دو اور زیادہ سے زیادہ تین مرتبہ آمنے سامنے آ سکتی ہیں۔

Back to top button