بھارتی دباؤ مسترد، ایشین کرکٹ کونسل کا سالانہ اجلاس 24 جولائی کو ڈھاکا میں ہوگا

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے کونسل کا سالانہ جنرل اجلاس 24 جولائی کو ڈھاکا میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس کے لیے تمام رکن ممالک کو باقاعدہ نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
اے سی سی ذرائع کے مطابق، یہ سالانہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ایک سیریز بھی انہی تاریخوں میں شیڈول ہے، جس دوران رکن ممالک کے نمائندے بھی موجود ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عرصہ دراز کے بعد ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ بنگلا دیش میں ہونے جا رہی ہے، تاہم بھارت اور سری لنکا نے اجلاس کے مقام اور تاریخ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
باوجود اس کے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کا انعقاد ڈھاکا میں ہی ہونے کا قوی امکان ہے، اور اسی مقصد کے تحت اجلاس سے 15 روز قبل نوٹس جاری کیا گیا تاکہ رکن ممالک کو تیاری کا مکمل موقع مل سکے۔
صدر کے استعفیٰ اور آرمی چیف کے صدارتی منصب سنبھالنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، محسن نقوی
اے سی سی ذرائع کے مطابق، اگر کوئی رکن ملک اجلاس میں فزیکل طور پر شرکت نہیں کر سکتا تو اس کے لیے آن لائن شرکت کا آپشن فراہم کیا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ "دنیا بھر میں آن لائن میٹنگز معمول کا حصہ بن چکی ہیں۔ خود اے سی سی اور آئی سی سی نے بھی گزشتہ برسوں میں متعدد اجلاس ورچوئل طریقے سے کیے ہیں۔”
ایونٹ کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے توقع ہے کہ زیادہ تر ممالک اجلاس میں شرکت کریں گے تاکہ ایشیائی کرکٹ کے مستقبل سے متعلق فیصلوں میں بھرپور کردار ادا کیا جا سکے۔
