فیلڈمارشل سےانڈونیشیاکےوزیردفاع کی ملاقات،تعلقات مضبوط بنانےکےعزم کااظہار

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع سیافری سمسو دین نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ عسکری تعاون، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات آج راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز میں ہوئی، جہاں انڈونیشی وزیر دفاع کے ہمراہ ان کی مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نمائندے بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے علاقائی سیکیورٹی صورتحال، دفاعی پیداوار میں ممکنہ اشتراک اور دوطرفہ عسکری روابط کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کو بھی سراہا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ انڈونیشین وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کی تعریف کی اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ اس ملاقات سے قبل لیفٹیننٹ جنرل (ر) سیافری سمسو دین نے اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاعی پیداوار میں تعاون کے امکانات پر گفتگو ہوئی تھی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا کے ساتھ باہمی مفاد کے منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور دوطرفہ تعاون کو اقتصادی، دفاعی، تجارتی اور اسٹریٹجک شعبوں تک وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
