انڈونیشیا کے صدر سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے

پاک–انڈونیشیا سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر انڈونیشیا کے صدر پرابوو سو بیانتو دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔
نور خان ایئر بیس، اسلام آباد پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا، جہاں انڈونیشین صدر کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
اپنے دورے کے دوران صدر پرابوو سو بیانتو سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، موسمیاتی تعاون، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشین صدر کو پاکستان کے اس دورے کی دعوت دی تھی۔
