وزیر اطلاعات نے آپریشن غضب للحق کی مزید تفصیلات جاری کردیں

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے افغان طالبان رجیم کے خلاف جاری آپریشن غضب للحق سے متعلق مزید تفصیلات جاری کردیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بتایا کہ افغان طالبان نے شمالی بلوچستان میں قلعہ سیف اللہ، چمن اور نوشکی اضلاع میں 16 مقامات پر زمینی حملے کیے، بلوچستان میں افغان طالبان نے 25 مقامات پر پاک افواج کے خلاف فائر ریڈ کی کارروائیاں کیں تاہم بلوچستان میں تمام مقامات پر حملوں کو مؤثر طور پر پسپا کردیا گیا۔
وزیر اطلاعات کے مطابق بلوچستان میں افغان طالبان کے 27 کارندے ہلاک اور متعدد زخمی ہوئےجب کہ وطن کا دفاع کرتےہوئے ایف سی بلوچستان نارتھ کا ایک جوان شہید اور 5 جوان زخمی ہوئے۔خیبرپختونخوا میں ایک مقام پر زمینی حملے کی کوشش کی گئی اور صوبے میں 12 مقامات پر فائر ریڈ کیاگیا جنہیں بغیر کسی جانی نقصان کے ناکام بنا دیا گیا جب کہ خیبرپختونخوا میں رات بھر جاری کارروائیوں کے دوران افغان طالبان کے 40 کارندے جہنم رسید کیے گئے۔
