وزیرداخلہ محسن نقوی برطانیہ پہنچ گئے،چندپاکستانیوں کی حوالگی کیلئے بات چیت متوقع

وفاقی وزیر داخلہ  محسن نقوی برطانیہ پہنچ گئے ہیں۔چند پاکستانیوں کی حوالگی کے معاملے  پر  برطانوی وزارت  خارجہ کے حکام  سے بات چیت  متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی3دن برطانیہ میں قیام کریں گے جہاں وہ چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے  پی ایس ایل کے آئندہ سیزن کی لانچ کی تقریب میں  بھی شرکت کریں گے۔ یہ تقریب کل لارڈز کرکٹ  گراؤنڈ میں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی کی برطانوی فارن آفس کے حکام سے بھی ملاقات طے ہے، محسن نقوی کی طرف سے چند پاکستانیوں کی حوالگی کےمعاملے پربات چیت بھی متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ محسن نقوی ان پاکستانیوں سے متعلق شواہد  پہلے ہی برطانوی ہائی کمشنرکے حوالےکرچکے ہیں۔

دوسری جانب  برطانوی فارن آفس کے  ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان  میں ہائی کمشنر کو دیے گئے ڈوزئیر اب تک  برطانیہ  نہیں پہنچے ہیں۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی جس میں پاک برطانیہ  تعلقات، سکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور  پر تفصیلی گفتگو کی گئی، اس کے علاوہ  برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کے امور پر بات چیت ہوئی۔

اس دوران  وزیر داخلہ نے شہزاداکبر اور عادل راجہ کی حکومت پاکستان کی طرف سے حوالگی کےکاغذات برطانوی ہائی کمشنر کے سپرد کیے۔

محسن نقوی نے کہا کہ دونوں افراد پاکستان میں مطلوب ہیں، ان کو فوری پاکستان کے سپرد کیا جائے۔

وزیر داخلہ نے پراپیگنڈا کرنے والے پاکستانی شہریوں کے خلاف ٹھوس شواہد بھی فراہم کیے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار پر پورا یقین رکھتے ہیں لیکن فیک نیوز ہر ملک کے لیے مسئلہ ہے۔

 

Back to top button