وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسپینش ریذیڈنٹ کارڈ سے متعلق اجلاس میں اہم ہدایات جاری کردیں

اسپینش ریذیڈنٹ کارڈ سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قانونی تحفظ اور سہولتوں کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیاگیا ہے۔ جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسپینش ریذیڈنٹ کارڈ سے متعلق اجلاس اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین کی صدارت میں ہوا۔

اجلاس میں وزارت داخلہ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قانونی تحفظ اور سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ وزارتِ خارجہ نے اسپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے عمل کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ اسپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد نے اس پالیسی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ پالیسی سیاسی پناہ حاصل کرنے والوں کے لیے نہیں ہے۔ درخواست گزاروں کے لیے کریکٹر سرٹیفکیٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات لازمی ہوں گی، اور اہل افراد کو ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے ریذیڈنٹ کارڈ جاری کیا جائے گا۔ سات سے آٹھ سال مکمل کرنے کے بعد مستقل رہائش اور شہریت کے حصول کے امکانات پیدا ہوں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو تیز کیا جائے گا تاکہ درخواست گزاروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ الگ الگ کریکٹر سرٹیفکیٹ قابل قبول نہیں ہوں گے اور نیشنل پولیس بیورو کی جانب سے ایک ہی قومی کریکٹر سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے ہدایت دی کہ درخواست گزاروں کی آسانی کے لیے تصدیق کا عمل آسان اور تیز بنایا جائے اور ہر سطح پر مکمل سہولت فراہم کی جائے۔ سالک حسین نے کہا کہ ہزاروں پاکستانیوں کو قانونی حیثیت ملنا خوش آئند ہے۔

اجلاس میں اسپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد، قونصل جنرل بارسلونا اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی نے بذریعہ زوم شرکت کی، جبکہ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹس سمیت اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

Back to top button